لکھنؤ، 15 مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) دہلی میں عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال کو آخری وقت تک یہ لگتا رہا کہ کانگریس دہلی کی 7 لوک سبھا سیٹوں پر ان کی پارٹی سے اتحاد کرے گی لیکن دہلی کانگریس کی سربراہ شیلا دکشت نے یہ صاف کر دیا کہ ان کی پارٹی اکیلے انتخابی میدان میں اترے گی۔اس سے آپ کو ناامیدی ہاتھ لگی اور اروندکجریوال تبھی سے کانگریس کو کوس رہے ہیں اور اس پر الزام لگا رہے ہیں کہ وہ بی جے پی کو جتانا چاہتی ہے۔کجریوال کی طرح ہی وکاس شیل سوشلسٹ پارٹی کے قومی صدر شیو پال یادو کو بھی مایوسی ہاتھ لگی ہے۔انہوں نے بھی اتحاد میں نہیں ہونے پر کانگریس کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔شیو پال یادو نے بیان جاری کر اپنی ناراضگی ظاہر کی ہے۔انہوں نے کانگریس پر نشانہ لگایا اور کہا کہ ہم نے کانگریس کا ایک ماہ تک انتظار کیا،کانگریس کے لیڈر روز میٹنگ کرتے رہے، لیکن درمیان میں فہرست جاری کر دی،کانگریسی لیڈر بھی جھوٹے لوگ ہیں۔حال ہی میں کانگریس کے ساتھ اتحاد کے سوال پر شیو پال یادو نے کہا تھاکہ ہم دوسرے دیگر سیکولر پارٹیوں کے ساتھ مل کر اتحاد بنانے جا رہے ہیں،ہم سیکولر پارٹیوں سے اتحاد کو تیار ہیں،اس میں ایک کانگریس بھی ہے،اگر کانگریس ہم سے اتحاد کے لئے رابطہ کرے گی تو ہم بالکل تیار ہیں۔ شیو پال نے کانگریس سے اتحاد کے سوال پر کہا تھا کہ کانگریس بھی ایک سیکولر پارٹی ہے اور اگر وہ بی جے پی کو شکست دینے کے لئے ہم سے رابطہ کرتی ہے تو ہم اس کی حمایت کریں گے۔شیو پال یادو نے سماج وادی پارٹی۔بی ایس پی اتحاد کو ٹھگ بندھن قرار دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹھگ بندھن ہے اور پیسے کے لئے کیا گیا ہے۔وہیں کانگریس کے یوپی انچارج غلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ یوپی میں کانگریس کے ساتھ کوئی بھی سیکولر پارٹی آتی ہے، جس کا مقصد بی جے پی کو ہرانا ہے تو ہم اس کا استقبال کریں گے لیکن لگتا ہے کہ وکاس شیل سوشلسٹ پارٹی اور کانگریس کا اتحاد ٹھوس شکل نہیں لے پایا ہے،شاید اسی لیے شیو پال بھی اروند کجریوال کی طرح اپنی ناراضگی ظاہر کر رہے ہیں۔فی الحال اروندکجریوال کو اب بھی کانگریس سے اتحاد کی امید بنی ہوئی ہے۔انہوں نے 13 مارچ کو ٹویٹ کر کانگریس صدر راہل گاندھی سے اپیل کی کہ ہریانہ میں کانگریس اتحاد کرنے پر غور کرے۔انہوں نے لکھاکہ ملک کے لوگ امت شاہ اور مودی جی کی جوڑی کو ہرانا چاہتے ہیں،اگر ہریانہ میں جے جے پی، آپ اور کانگریس ساتھ لڑتے ہیں تو ہریانہ کی 10 سیٹوں پر بی جے پی ہارے گی،راہل گاندھی جی اس پر غور کریں۔